Thursday 8 September 2016

کشمیر میں ہندوستان مخالف مظاہرے جاری

:پیام ٹی وی ون نیوز نیٹ ورک:گذشتہ دنوں کی طرح آج بھی کشمیر میں ہندوستان مخالف مظاہرے ہوئے- مظاہروں میں شامل لوگوں نے ہندوستانی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور اس ملک کی حکومت کی جانب سے کشمیر کے عوام کے خلاف طاقت کے استعمال کی پالیسی کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا- مظاہروں میں شامل لوگوں نے کشمیری عوام پر ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی سے اس علاقے میں جاری حملوں اور تشدد کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا-

ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے فائر کئے اور پلاسٹک کی گولیاں چلائیں کہ جس کے دوران دو کشمیری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے- سیکورٹی اہلکاروں نے کئی افراد کو گرفتار بھی کر لیا- ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں گذشتہ کئی ہفتوں سے حکومت مخالف مظاہرے اور ہڑتال جاری ہے- پیرکو پاکستانی عوام نے اسلام آباد میں کشمیری عوام کی حمایت میں مظاہرہ کیا اورہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں کشمیری عوام کے مارے جانے کی مذمت کی- ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں تقریبا دو مہینے سے ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں اور کشمیری مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کم سے کم پچھہتر کشمیری جاں بحق اور بارہ ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں-

No comments:

Post a Comment